
چین کے مشرقی صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو میں ٹریفک کے نظم و نسق اور عوامی رہنمائی کے لیے جدید اسمارٹ روبوٹس تعینات کیے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ روبوٹس جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے لیس ہیں، جو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ روبوٹس نہ صرف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں کردار ادا کرتے ہیں بلکہ غیر ضروری ہارن بجانے سے بھی شہریوں کو روکتے ہیں۔
خصوصی مواقع پر یہ روبوٹس عوام سے دوستانہ انداز میں گفتگو بھی کرتے ہیں، جبکہ امتحانات کے دوران طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ نظام مقامی ٹریفک نیٹ ورک سے منسلک ہے، جس کی بدولت روبوٹس مختلف خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرسکتے ہیں۔ ان میں سائیکل سواروں کا مقررہ اسٹاپ لائن عبور کرنا اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسمارٹ روبوٹس کے استعمال سے ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور شہری سہولتوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔








