ٹرمپ کی مقبولیت میں مزید کمی، تازہ سروے میں شرح 34 فیصد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت میں کمی کا رجحان جاری ہے، تازہ سروے میں ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرنے والے ووٹرز کی شرح 34 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جو اپریل کے وسط میں 36 فیصد تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق جب ٹرمپ نے گزشتہ سال جنوری میں منصب سنبھالا تھا تو اس وقت 47 فیصد ووٹرز ان کی کارکردگی سے خوش تھے، تاہم اس کے بعد سے ان کی حمایت میں بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے بھی رائے عامہ پر اثر ڈالا ہے۔ اسی طرح مہنگائی کے حوالے سے عوامی اطمینان مزید کم ہو کر 22 فیصد رہ گیا ہے۔
سیاسی جماعتی بنیادوں پر ریپبلکن ووٹرز کی بڑی اکثریت اب بھی ٹرمپ کے ساتھ کھڑی ہے، جن میں تقریباً 78 فیصد ان کی حمایت کرتے ہیں۔ جبکہ غیر جانبدار ووٹرز میں مختلف جماعتوں کے لیے حمایت نسبتاً کم سطح پر ہے۔
اسی طرح ایران سے متعلق امریکی پالیسی کے حوالے سے بھی عوامی حمایت محدود نظر آتی ہے، جہاں صرف 34 فیصد افراد موجودہ موقف کی حمایت کرتے ہیں، جو اس سے پہلے 36 فیصد تھی۔









