
سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال میں ملوث افراد کی شناخت کو عام نہ کیا جائے، جبکہ اصل توجہ منشیات کے نیٹ ورک چلانے والوں پر ہونی چاہیے۔
سندھ اسمبلی کےاہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کراچی میں منشیات کے ایک بڑے نیٹورک سے منسلک خاتون، جسکو انمول عرف پنکی کہا جاتا ہے، کی گرفتاری کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملزمہ پولیس کو کھلا چیلنج دے رہی تھی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
وزیر داخلہ نے اس کارروائی کو پولیس کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے استعمال کرنے والوں کے بجائے ان کے پیچھے موجود نیٹ ورک اورسہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔









