گھریلو ملازمین پر تشدد کے خلاف قانون سازی، سینیٹ کمیٹی نے بل منظور کرلیا

0
0
گھریلو ملازمین پر تشدد کے خلاف قانون سازی، سینیٹ کمیٹی نے بل منظور کرلیا

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے گھریلو ملازمین پر تشدد اور ناروا سلوک کی روک تھام کے لیے کرمنل لاء ترمیمی بل 2026 متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر سرمد علی نے بل پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ گھریلو ملازمین کو اکثر بروقت اجرت نہیں دی جاتی جبکہ بعض معاملات میں انہیں تشدد اور دیگر زیادتیوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون میں جرمانے کی کم از کم حد مقرر ہونے سے ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی ہوگی اور ملازمین پر تشدد کرنے والوں کے لیے مؤثر رکاوٹ پیدا ہوسکے گی۔

کمیٹی کے چیئرمین فیصل سلیم رحمان نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد میں گھریلو ملازمین سے متعلق قانون پہلے ہی موجود ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ قوانین اور نئے مجوزہ قانون کا تقابلی جائزہ آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو ملازمین کی شکایات پر کارروائی کے حوالے سے بعض عملی مسائل بھی سامنے آسکتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض علاقوں میں ایسے گروہ بھی سرگرم ہیں جو پولیس پر اثرانداز ہوکر مالکان کے خلاف مقدمات درج کرواتے ہیں۔

اجلاس کے دوران سینیٹر ثمینہ زہری نے اس مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی گروہ کے مافیا ہونے یا نہ ہونے کا تعین کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے گھریلو ملازمین کے ساتھ پیش آنے والے سنگین واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

چیئرمین کمیٹی نے تجویز دی کہ بل کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے بھی رائے حاصل کی جائے تاکہ قانون سازی کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔

بعد ازاں سینیٹر سرمد علی نے بل پر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا، جس پر کمیٹی نے ووٹنگ کے ذریعے کرمنل لاء ترمیمی بل 2026 متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

Leave a reply