
واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے موجودہ طریقہ کار میں اہم تبدیلی کی جا رہی ہے۔
اب تک واٹس ایپ پر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے لیے صارفین کو 6 ہندسوں پر مشتمل پن مقرر کرنا پڑتا تھا، تاہم کمپنی نے اس نظام کو پاس ورڈ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے طریقہ کار میں صارفین ایسا پاس ورڈ بنا سکیں گے جس میں حروف اور نمبرز شامل ہوں گے، جبکہ اضافی سیکیورٹی کے لیے اسپیشل کریکٹر استعمال کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
نیا پاس ورڈ کیسے بنایا جائے؟
یہ سہولت دستیاب ہونے کے بعد واٹس ایپ کھول کر Settings میں جائیں اور Account کے آپشن کو منتخب کریں۔
اس کے بعد Two-Step Verification پر کلک کرنے سے نئے پاس ورڈ سے متعلق آپشن نظر آئے گا۔ یہاں صارف اپنا نیا پاس ورڈ ترتیب دے سکے گا۔
اکاؤنٹ کی سیکیورٹی مزید مضبوط رکھنے اور پاس ورڈ بھول جانے کی صورت میں بحالی کے لیے ریکوری ای میل بھی شامل کی جا سکے گی۔
نئے پاس ورڈ کی کم از کم لمبائی 8 حروف رکھی گئی ہے، جبکہ اس میں کم از کم ایک حرف یا نمبر شامل ہونا ضروری ہوگا۔ صارف چاہے تو پاس ورڈ میں اسپیشل کریکٹر بھی شامل کرسکتا ہے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی اور ہیکنگ کی کوششوں سے مزید محفوظ بنانا ہے۔
یہ فیچر مرحلہ وار صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ بعض اکاؤنٹس پر یہ آپشن فوری طور پر دستیاب نہ ہو۔ فیچر دستیاب ہونے کے بعد صارف موجودہ 6 ہندسوں والے پن کو نئے پاس ورڈ سسٹم میں تبدیل کر سکے گا۔








