
ویب ڈیسک: معروف بھارتی گلوکار بادشاہ اور پنجابی اداکارہ ایشا رِکھی نے شادی کے تقریباً پانچ ماہ بعد اپنے راستے الگ کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں نے مارچ 2026 میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی، جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوئے تھے۔ جوڑے نے اپنی ازدواجی زندگی کو طویل عرصے تک میڈیا کی توجہ سے دور رکھا۔
اب دونوں نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر ایک ہی نوعیت کا پیغام شیئر کرتے ہوئے علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور مداحوں و عوام سے ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی۔
بادشاہ اور ایشا رِکھی کی پہلی ملاقات 2021 میں ایک مشترکہ دوست کی پارٹی کے دوران ہوئی تھی۔ بعد ازاں دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور انہوں نے اپنے تعلق کو کئی برس تک نجی رکھا۔
شادی کے بعد ایشا رِکھی نے جولائی 2026 میں سوشل میڈیا پر مداحوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اپنی شادی کی تصدیق کی تھی۔ اسی دوران انہوں نے شوہر کے ساتھ اپنی پہلی باضابطہ تصویر بھی شیئر کی۔
تاہم کچھ عرصے بعد سوشل میڈیا پر ایشا کی ایک پوسٹ نے ان کے رشتے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔ ان کی والدہ کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد بھی مداحوں نے دونوں کے درمیان اختلافات کی چہ مگوئیاں شروع کر دی تھیں۔
اب شادی کے تقریباً پانچ ماہ بعد دونوں کی جانب سے باضابطہ مشترکہ مؤقف سامنے آنے کے بعد علیحدگی کی خبروں کی تصدیق ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ بادشاہ کی دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے 2012 میں جاسمین مسیح سے شادی کی تھی، تاہم دونوں کی ازدواجی زندگی 2020 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔ اس شادی سے بادشاہ کی ایک بیٹی بھی ہے۔









