اسنوکر ورلڈکپ: پاکستان کے تین کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچ گئے

0
25
اسنوکر ورلڈکپ: پاکستان کے تین کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچ گئے

مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط میں جاری اسنوکر ورلڈکپ کے مینز سنگلز مقابلوں میں پاکستانی کیوئسٹس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کی چار میں سے تین نشستیں اپنے نام کرلیں۔

پاکستان کے محمد آصف، رانا عرفان اور اسجد اقبال نے کوارٹر فائنل میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی، جبکہ مبشر رضا کو کوارٹر فائنل میں رانا عرفان کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد آصف نے انگلینڈ کے ہاروے چینڈلر کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے ہرایا۔ پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی تین فریمز جیت کر برتری حاصل کی۔ اگرچہ انگلش کیوئسٹ نے چوتھے فریم میں 99 کی شاندار بریک کے ذریعے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، تاہم آصف نے پانچواں فریم جیت کر سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں رانا عرفان نے ہم وطن مبشر رضا کو 1-4 سے شکست دی۔ مبشر رضا نے 66 کی بریک کے ساتھ پہلا فریم اپنے نام کیا، لیکن اس کے بعد رانا عرفان نے مسلسل چار فریمز جیت کر کامیابی حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے تیسرے فریم میں 105 کی سنچری بریک بھی کھیلی۔

ادھر اسجد اقبال نے ایران کے عامر سرکوش کے خلاف ابتدائی دو فریمز ہارنے کے باوجود زبردست واپسی کی۔ انہوں نے مسلسل چار فریمز جیت کر مقابلہ 2-4 سے اپنے نام کیا۔ اسجد اقبال نے آخری دو فریمز میں 83 اور 88 کی بریکس کھیل کر اپنی کامیابی یقینی بنائی۔

تین پاکستانی کھلاڑیوں کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کی نمائندگی یقینی ہوگئی ہے۔ اگر دونوں پاکستانی سیمی فائنل جیت جاتے ہیں تو ورلڈکپ کا فائنل بھی دو پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل جمعرات کو شیڈول ہیں۔

Leave a reply