نیتن یاہو واشنگٹن روانہ، ایران کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق معلومات ٹرمپ کو دینے کا امکان

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو امریکا کے دورے پر واشنگٹن پہنچ رہے ہیں، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات متوقع ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو اس ملاقات میں ایران کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق تازہ انٹیلی جنس معلومات امریکی صدر کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم ایران کی ایٹمی صلاحیتوں اور جوہری پروگرام کی موجودہ صورتحال سے متعلق معلومات پیش کریں گے۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور دیگر اہم معاملات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق نیتن یاہو لبنان اور شام سے اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق امریکی مؤقف سے اختلاف کا اظہار کر سکتے ہیں۔ وہ امریکا کی جانب سے ترکیہ کو جدید ایف 35 جنگی طیاروں کی ممکنہ فروخت پر بھی اپنے تحفظات سامنے رکھیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیہ کو ایف 35 طیاروں کی فروخت سے متعلق سوال پر کہا کہ ترکیہ امریکا کا اہم اتحادی ہے اور فیصلے امریکا کی پالیسی کے مطابق کیے جائیں گے۔
واشنگٹن روانگی سے قبل نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات میں دانش مندی اور عزم کے ساتھ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملاقات میں ایران سمیت تمام اہم معاملات پر بات ہوگی، جبکہ اسرائیل کی سلامتی اور خطے میں امن کے دائرے کو بڑھانا بنیادی مقصد ہے۔
یہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کی دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد آٹھویں ملاقات ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق دونوں رہنما ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی کے بعد پہلی مرتبہ براہ راست ملاقات کریں گے۔
سیکیورٹی وجوہات کے باعث نیتن یاہو کے دورے کی تفصیلات خفیہ رکھی گئیں۔ ان کے سفر، روانگی کے وقت اور مقام سے متعلق معلومات طیارے کے روانہ ہونے کے بعد سامنے آئیں، جبکہ میڈیا نمائندگان کو بھی پرواز میں شامل نہیں کیا گیا۔









