اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے تعلقات میں نئے دور کا آغاز، اعلیٰ سطحی رابطوں پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان اسلام آباد امن معاہدے کے بعد پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے معاہدے کو خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی طویل گفتگو میں پاک ایران تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ مفادات کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر، قیادت اور عوام کو امن معاہدے کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف خطے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔
وزیراعظم نے ایران کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمسایہ اور برادر ملک کی حیثیت سے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
دوسری جانب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے امن کوششوں اور مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیری سفارت کاری اور دانشمندانہ قیادت نے مذاکراتی عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ایرانی صدر نے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور جلد ایک دوسرے کے ممالک کے دوروں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پردونوں جانب سے مستقبل میں بھی مسلسل رابطے برقرار رکھنیکے عزم کا اعادہ کیاگیا۔









