نہ جہاز، نہ گاڑی، صرف قدموں کے سہارے دنیا فتح کرلی!

0
17
نہ جہاز، نہ گاڑی، صرف قدموں کے سہارے دنیا فتح کرلی!

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا کی سیر کے لیے عموماً لوگ ہوائی جہاز، بحری جہاز یا گاڑیوں کا استعمال کرتے ہیں، تاہم برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے 28 سال تک پیدل سفر کرکے دنیا کے گرد چکر لگانے کا غیرمعمولی کارنامہ انجام دے دیا۔

کارل بشبائی نے 1998 میں 29 برس کی عمر میں اپنے اس منفرد سفر کا آغاز کیا تھا، جسے مکمل کرنے میں انہیں تقریباً 28 سال لگ گئے۔ اب 57 سال کی عمر میں وہ انگلینڈ کے شہر ہل (Hull) میں اپنی والدہ کے گھر پہنچ کر اپنا سفر مکمل کرچکے ہیں۔

اس طویل مہم کے دوران کارل بشبائی نے دنیا کے مختلف براعظموں، صحراؤں، گھنے جنگلات، برفانی علاقوں اور دشوار گزار راستوں کو عبور کیا۔ انہوں نے اپنے سفر میں آبنائے بیرنگ کے برفانی علاقے سے گزرنے کے علاوہ بحیرہ قزوین اور انگلش چینل کو تیر کر پار کیا۔

کارل کے مطابق جب انہوں نے اس مہم کا آغاز کیا تھا تو انہیں امید تھی کہ وہ پانچ سال میں دنیا کا چکر مکمل کرلیں گے، لیکن مختلف مشکلات اور غیرمتوقع حالات کے باعث یہ سفر کئی دہائیوں پر محیط ہوگیا۔

اس دوران روس میں انہیں شدید موسمی حالات اور قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ روس کا سفر مکمل کرنے میں ہی تقریباً 10 سال لگ گئے، جبکہ بعض سفری رکاوٹوں کے باعث انہیں اپنے طے شدہ راستے میں تبدیلیاں بھی کرنا پڑیں۔

روس اور ایران کے درمیان جغرافیائی و سیاسی مسائل کے باعث راستہ متاثر ہونے پر انہوں نے بحیرہ قزوین کو 31 دن میں تیر کر عبور کیا۔ اس دوران انہیں گرفتاری اور ملک بدری جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

تقریباً 10 ہزار 200 دن سے زائد جاری رہنے والی اس مہم کے دوران ان کے طے کردہ قدموں کی درست تعداد معلوم نہیں، تاہم اندازہ ہے کہ انہوں نے ساڑھے سات کروڑ سے زیادہ قدم اٹھائے۔

کارل بشبائی کا یہ سفر ثابت کرتا ہے کہ غیرمعمولی عزم، صبر اور مستقل مزاجی کے ذریعے بظاہر ناممکن نظر آنے والے اہداف بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

Leave a reply