نمرہ کے نئے انداز نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی

سوشل میڈیا پر مقبول رہنے والی جوڑی نمرہ اور اسد ایک طویل وقفے کے بعد دوبارہ منظرِ عام پر آگئی ہے۔ دونوں نے ماضی میں کم عمری میں شادی کے باعث خاصی شہرت حاصل کی تھی اور ان کی تصاویر و وی لاگز کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔
کچھ عرصہ قبل اس جوڑی نے فیملی وی لاگنگ سے دوری اختیار کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس دوران اسد کبھی کبھار اپنے کاروبار اور والد ہونے کے تجربات شیئر کرتے رہے، جبکہ نمرہ عوامی نظروں سے دور رہیں۔
حال ہی میں دونوں ایک نئی ویڈیو میں ایک ساتھ دکھائی دیے، جہاں انہوں نے اپنے اسکن کیئر برانڈ کے آغاز کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں معیاری مگر کم قیمت اسکن کیئر مصنوعات متعارف کروانا چاہتے ہیں تاکہ لوگوں کو بہتر متبادل فراہم کیے جا سکیں۔
ویڈیو میں نمرہ کا مکمل حجاب اور نقاب میں نظر آنا سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ کا مرکز بنا۔ مداحوں نے ان کے سادہ انداز کو خوب سراہا اور مثبت تبصرے کیے۔
صارفین نے اسد اور نمرہ کے نئے کاروباری سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔









