شکیرا کی جانب سے ترانے کی تمام رائلٹی ایجوکیشن فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان

0
9
شکیرا کی جانب سے ترانے کی تمام رائلٹی ایجوکیشن فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل ترانے ”ڈائے ڈائے“ کی ریلیز کے ساتھ ہی دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک بڑے عالمی فنڈ کے قیام کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت ”فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ“ بنایا گیا ہے، جس کا مقصد ٹورنامنٹ کے اختتام تک 100 ملین امریکی ڈالر جمع کرنا ہے۔

فنڈ سے حاصل ہونے والی رقم پسماندہ علاقوں میں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور ان کے لیے فٹ بال کے مواقع پیدا کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

معروف گلوکارہ شکیرا نے اعلان کیا ہے کہ وہ گلوبل سٹیزن اور فیفا کے اشتراک سے جاری ہونے والے اس گانے سے حاصل ہونے والی اپنی تمام رائلٹی ایجوکیشن فنڈ میں عطیہ کریں گی۔ اس کے علاوہ سونی میوزک نے بھی اس مہم کے لیے ابتدائی طور پر ڈھائی لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے ”ڈائے ڈائے“ میں شکیرا کے ساتھ نائیجیریا کے معروف گلوکار برنا بوائے نے بھی اپنی آواز شامل کی ہے۔ گانے کا مقصد دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو موسیقی اور کھیل کے ذریعے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔

فیفا کے مطابق 19 جولائی کو ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں پہلی مرتبہ ہاف ٹائم شو بھی پیش کیا جائے گا، جس میں شکیرا خصوصی پرفارمنس دیں گی۔ یہ اقدام ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نئی روایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل ترانہ تمام بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر جاری کردیا گیا ہے، جبکہ ایونٹ کے مزید گانے آئندہ ہفتوں میں ریلیز کیے جائیں گے۔

Leave a reply