عمران خان کا چیف جسٹس صاحبان کو خط، صحت سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار

0
0
عمران خان کا چیف جسٹس صاحبان کو خط، صحت سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط ارسال کیا ہے، جس میں اپنی صحت، جیل میں ملاقاتوں پر پابندیوں اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان کا خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے متعلقہ چیف جسٹس صاحبان تک پہنچایا گیا۔ وکیل کے مطابق یہ خط عمران خان کی ہدایت پر تحریر کیا گیا ہے۔

خط میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے (برین ہیمرج) اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرات سے آگاہ کیا ہے۔ ان کے مطابق بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث انہیں اپنی صحت کے حوالے سے شدید تشویش ہے۔

عمران خان نے خط میں جیل میں ملاقاتوں پر عائد پابندیوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انہیں وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کی جا رہی ہیں۔

خط کے مطابق طویل تنہائی اور انسانی رابطوں کی کمی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی قید تنہائی میں رکھنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

عمران خان نے چیف جسٹس صاحبان سے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور انہیں طبی سہولیات سمیت قانونی حقوق فراہم کیے جائیں۔

خط میں انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اگر وہ زندہ رہے تو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Leave a reply