ناران: ٹک ٹاک ویڈیو کی کوشش میں دریا میں گاڑی لے جانے والے 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج

0
9
ناران: ٹک ٹاک ویڈیو کی کوشش میں دریا میں گاڑی لے جانے والے 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج

ناران میں ایک افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے چار سیاحوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جنہوں نے مبینہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی غرض سے اپنی گاڑی دریائے کنہار میں اتارنے کی کوشش کی۔

واقعہ چند روز قبل اس وقت پیش آیا جب سرگودھا سے آئے ہوئے چار دوست ویگو گاڑی کو دریا کے تیز بہاؤ سے گزارنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران گاڑی بے قابو ہو کر پانی کے تیز ریلے میں پھنس گئی اور بہہ جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

خوش قسمتی سے موقع پر موجود رافٹنگ ٹیم نے فوری ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے گاڑی میں سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

پولیس کے مطابق چاروں افراد کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نامزد افراد میں سلطان، علی عثمان، محسن خان اور آصف علی شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ریسکیو کرنے والی ناران رافٹنگ ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

Leave a reply