نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر انسانیت کی خوبصورت مثال

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص نے غیرملکی خاتون کی مدد کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کی توجہ حاصل کر لی۔
واقعہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ٹرین کے دروازے کے قریب کھڑی اپنے کیمرے کو سنبھال رہی تھیں۔ اسی دوران ان کا دوپٹہ اچانک پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان جا گرا۔
قریب موجود ایک شخص نے صورتحال دیکھی تو فوراً مدد کے لیے رک گئے۔ انہوں نے پہلے ہاتھ سے دوپٹہ نکالنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ بعد ازاں وہ احتیاط کے ساتھ ریلوے ٹریک پر اترے اور چند لمحوں بعد دوپٹہ نکال کر خاتون کے حوالے کر دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مدد کرنے کے بعد وہ شخص خاموشی سے وہاں سے چلا گیا اور کسی تعریف یا شکریے کا انتظار نہیں کیا۔
خاتون نے بعد میں یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ کوئی ان کی مدد کے لیے اس حد تک جائے گا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں بالی ووڈ فلم “کچھ کچھ ہوتا ہے” کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، “راہل صحیح وقت پر آ گیا۔”
یہ ویڈیو اب تک لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہے جبکہ ہزاروں صارفین اس پر تبصرے کر چکے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس شخص کے عمل کو انسانیت، خلوص اور شرافت کی مثال قرار دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ شخص کسی فلمی ہیرو کی طرح مدد کرکے خاموشی سے چلا گیا، جبکہ ایک اور صارف کے مطابق یہ عمل بغیر کسی لالچ کے حقیقی انسانیت کی عکاسی کرتا ہے۔









