
نیویارک میں منعقد ہونے والے عالمی فیشن ایونٹ میٹ گالا میں دنیا بھر سے فن، فیشن اور ثقافت سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس سال ایونٹ میں مختلف ممالک کے شرکاء نے اپنے منفرد انداز اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا۔
بھارت سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیت ایشا امبانی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور اپنے لباس کی وجہ سے خاص طور پر توجہ کا مرکز بن گئیں۔ انہوں نے ایک ایسی ساڑھی زیب تن کی جو سونے کے باریک دھاگوں، تقریباً 1800 ہیروں اور قیمتی پتھروں سے تیار کی گئی تھی۔
ان کے انداز میں مزید انفرادیت اس وقت نظر آئی جب انہوں نے سفید پھولوں کے گجرے اور ایک منفرد زیور بھی پہنا، جس میں آرٹ اور روایتی ڈیزائن کا امتزاج تھا۔ یہ زیور مشہور فنکار سبودھ گپتا کے تخلیقی کام سے متاثر تھا، جو روزمرہ اشیاء کو آرٹ میں بدلنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
ایشا امبانی کے مطابق ان کی ساڑھی کا ڈیزائن گورو گپتا نے تیار کیا جبکہ اسے بھارتی ہنرمندوں نے خصوصی طور پر تیار کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بلاؤز میں استعمال ہونے والی جیولری ان کی والدہ کے زیورات سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔
میٹ گالا میں ایشا امبانی کا یہ انداز نہ صرف فیشن کی دنیا میں زیر بحث آیا بلکہ اسے روایتی فن اور جدید ڈیزائن کے حسین امتزاج کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔








