
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ بڑھ سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں پارہ 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی شدید گرمی متوقع ہے جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بھی موسم گرم رہے گا اور درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 8 سے 10 مئی کے دوران میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی احتیاط کریں۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق 10 مئی کی شام سے ایک مغربی سسٹم بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم میں تبدیلی آئے گی اور 13 مئی تک مختلف علاقوں میں بارش اور درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔








