مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناقابل قبول ہے، شہباز شریف

0
9
مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناقابل قبول ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی سمت آنے والے ایک مبینہ ڈرون کو سعودی فضائی دفاع کی جانب سے تباہ کیے جانے کے واقعے پر پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس شہر کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اس واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش میں مبتلا ہے۔
وزیراعظم نے سعودی فضائی دفاع کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا احترام پاکستانی عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
شہباز شریف نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تنازع کو مزید پھیلانے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
او آئی سی نے بھی مبینہ واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کے قریب اس نوعیت کی کارروائیاں مسلمانوں کے جذبات کو متاثر کرتی ہیں۔ تنظیم نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے مکہ مکرمہ کے جنوبی علاقے میں ایک ڈرون کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مقدس شہر کی حدود کی جانب بڑھ رہا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2017 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب حوثیوں پر مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حوثی حکام نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے الزام کی تردید کی ہے۔ حوثی سیاسی بیورو کے رکن محمد الفرح نے اس دعوے کو جھوٹ قرار دیا، جبکہ حوثی ترجمان حازم الاسد نے بھی مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے پہلے بھی سامنے آنے والا دعویٰ قرار دیا۔
واقعے کے بعد خطے میں جاری کشیدگی اور مقدس مقامات کی سلامتی ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے

Leave a reply