معاوضہ نہ ملنے پر اداکار آغا مصطفیٰ کا شکوہ، انڈسٹری کے رویے پر سوالات اٹھا دیے

0
15
معاوضہ نہ ملنے پر اداکار آغا مصطفیٰ کا شکوہ، انڈسٹری کے رویے پر سوالات اٹھا دیے

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار آغا مصطفیٰ نے بروقت معاوضہ نہ ملنے پر شکوہ کرتے ہوئے انڈسٹری میں کام کرنے والے فنکاروں کو درپیش مسائل پر کھل کر بات کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں آغا مصطفیٰ نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کو اکثر ان کے کام کی رقم وقت پر نہیں ملتی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ایک ڈرامہ جون میں مکمل ہوا تھا، تاہم ستمبر گزرنے کے باوجود انہیں تاحال اس کا معاوضہ نہیں ملا اور نہ ہی ادائیگی کے حوالے سے کوئی واضح جواب دیا جا رہا ہے۔

اداکار کے مطابق یہ مسئلہ صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ دیگر فنکار بھی اس صورتحال کا سامنا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو فنکار انڈسٹری میں بڑے نام بن چکے ہیں، انہیں عموماً ادائیگی کے معاملات میں زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا، جبکہ نئے یا نسبتاً کم معروف فنکاروں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔

آغا مصطفیٰ نے اپنی ذاتی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں لیکن کام کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہیں، جہاں کرایے، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات باقاعدگی سے ادا کرنا پڑتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے ملازمین کو بروقت ادائیگی کرتے ہیں تو ان کے اپنے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کیوں کی جاتی ہے۔

اداکار نے مزید دعویٰ کیا کہ جب وہ اپنے واجب الادا معاوضے کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو بعض لوگ ان کے بارے میں یہ تاثر دیتے ہیں کہ وہ کام کے دوران مشکلات پیدا کرتے ہیں، حتیٰ کہ انہیں مزید کام نہ دینے کی بات بھی کی جاتی ہے۔

Leave a reply