مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نےآئندہ الیکشن ایک ساتھ لڑنے کا اعلان کردیا

0
178

ہاٹ لائن نیوز : مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم میں انتخابی اتحاد ہوگیا اور دونوں سیاسی جماعتوں نے آئندہ عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کردیا۔

ایم کیو ایم کے وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) 8 فروری کا الیکشن مل کر لڑیں گے۔

اس سے قبل دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی اور حیدرآباد میں دونوں جماعتوں کے درمیان ممکنہ انتخابی اتحاد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور ملکی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سندھ میں بڑا انتخابی اتحاد بنانے پر بھی بات ہوئی۔

دونوں جماعتوں نے پاکستانی عوام کو موجودہ مسائل سے نکالنے اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں جماعتوں نے صوبہ سندھ بالخصوص اس کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک جامع چارٹر تیار کرنے کے لیے چھ رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون کی حتمی تجاویز 10 روز میں قیادت کو پیش کرے گی۔

ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت خالد مقبول صدیقی کررہے تھے اور اس میں ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال بھی شامل تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد میں شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں شامل تھے ۔

Leave a reply