
اسلام آباد: مراد سعید کی سینیٹ نشست سے متعلق ضمنی انتخاب عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس معاملے پر جاری سماعت کے دوران فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت تک انتخاب نہیں ہوگا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار جلال خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مراد سعید نے بطور سینیٹر حلف ہی نہیں اٹھایا، اس لیے قانونی طور پر نشست خالی قرار نہیں دی جا سکتی۔ وکیل نے استدعا کی کہ جب تک اس نکتے پر فیصلہ نہیں ہو جاتا، ضمنی انتخاب ملتوی رکھا جائے۔
الیکشن کمیشن نے ابتدائی طور پر اس مؤقف کو قابلِ غور سمجھتے ہوئے ضمنی انتخاب روک دیا اور مزید کارروائی کے لیے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ ساتھ ہی تمام متعلقہ فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے۔









