
پاکستان شوبز انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ دنانیر مبین نے اپنی نجی زندگی، کیریئر اور سوشل میڈیا کلچر سے متعلق کھل کر گفتگو کرتے ہوئے واضح مؤقف پیش کیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے محبت اور رشتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح ان کا کیریئر اور ذاتی اہداف ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ جذبات میں اندھا ہو کر کسی کے پیچھے بھاگنے کے بجائے اپنی خودمختار زندگی کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی شخص ان کی زندگی میں شامل ہوتا ہے تو وہ خوش آمدید کہیں گی، لیکن وہ ایسے تعلقات میں دلچسپی نہیں رکھتیں جہاں یک طرفہ وابستگی یا غیر سنجیدگی ہو۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ کسی بھی رشتے کے لیے خود کو اذیت میں ڈالنے یا زبردستی وابستہ رہنے کے حق میں نہیں ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک زندگی میں کام اور مقاصد زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اداکاروں کے ناموں کو ایک ساتھ جوڑنے کے رجحان (شپنگ کلچر) پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے اکثر غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق جب مداح دو فنکاروں کے درمیان غیر حقیقی تعلقات کا تصور بنا لیتے ہیں تو اس کا اثر نہ صرف اداکاروں بلکہ ان کے خاندانوں پر بھی پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ مداحوں کی دلچسپی خوش آئند ہوتی ہے، لیکن بعض اوقات یہ حد سے بڑھ کر حقیقت اور افسانے کے درمیان فرق ختم کر دیتی ہے، جس سے ذہنی دباؤ پیدا ہوتا ہے۔
اداکارہ ان دنوں اپنی نئی فلم میرا لیاری کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، جو کراچی کے علاقے لیاری میں کھیلوں خصوصاً فٹبال کے پس منظر پر مبنی ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری ابو علیحہ نے کی ہے۔
اس سے قبل وہ ڈرامہ سیریل صنف آہن اور محبت گمشدہ میری میں بھی اپنی اداکاری کے باعث پہچان حاصل کر چکی ہیں۔









