لندن میں بچے کی دیکھ بھال میں غفلت، اماراتی شہزادی کو سزا

لندن: متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ مہرہ النہیان کو برطانیہ میں بچے کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے کے مقدمے میں سزا سنا دی گئی ہے۔ عدالت نے انہیں دو سالہ کمیونٹی آرڈر جاری کرتے ہوئے 6 ہزار 114 پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 13 جون کو مغربی لندن میں پیش آیا، جہاں خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ ان کے قریب ایک کم عمر بچہ ننگے پاؤں اسکوٹر کے ساتھ کھیل رہا تھا اور سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے باعث اس کی سلامتی کو خطرہ لاحق تھا۔
رپورٹس کے مطابق وہاں سے گزرنے والے افراد نے صورت حال دیکھ کر مداخلت کی اور پولیس کے پہنچنے تک بچے کی نگرانی کی۔
لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ بچے کو غیر محفوظ ماحول میں چھوڑا گیا تھا۔ جج نے قرار دیا کہ اس صورت حال میں بچے کو جسمانی نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود تھا۔
مہرہ النہیان نے 13 اکتوبر کو غفلت کے الزام کا اعتراف کیا۔ استغاثہ نے منشیات کے ممکنہ اثرات کا ذکر کیا، جبکہ دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اب بحالی کے لیے علاج حاصل کر رہی ہیں۔ عدالت نے اعترافِ جرم کے بعد کمیونٹی آرڈر اور مالی جرمانے کی سزا سنائی۔








