فوجی مشق کے دوران ٹینک دھماکہ، 3 اہلکار ہلاک

جاپان کے جنوبی علاقے میں فوجی تربیتی مشق کے دوران ایک ٹینک میں گولہ پھٹنے سے 3 فوجی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ منگل کو اوئیتا صوبہ کے ہیجودائی ٹریننگ ایریا میں پیش آیا، جہاں لائیو فائر مشق جاری تھی۔ اس مشق میں دیگر ٹینک بھی شریک تھے۔
رپورٹس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب ٹائپ 10 مین بیٹل ٹینک کے گن ٹرٹ کے اندر موجود تین اہلکار — کمانڈر، گنر اور سیفٹی افسر — موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ٹینک کا ڈرائیور شدید زخمی ہوا تاہم زندہ بچ گیا۔
جاپان گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف ماسایوشی آرائی نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات تک ٹائپ 10 اور ٹائپ 90 ٹینکوں کے ساتھ لائیو فائر مشقیں معطل کر دی گئی ہیں، کیونکہ دونوں میں ایک ہی قسم کا گولہ بارود استعمال ہوتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ ٹائپ 10 جاپان کا جدید ترین ٹینک ہے، جسے 2011 میں فوج میں شامل کیا گیا تھا۔









