فخر زمان نے پی ایس ایل میں نیا تاریخ رقم کر دی

0
15
فخر زمان نے پی ایس ایل میں نیا تاریخ رقم کر دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ کئی اہم ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں فخر زمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ ان کی بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔
یہ فخر زمان کی پی ایس ایل میں تیسری سنچری ہے، اور اس کے ساتھ وہ ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے لیگ میں تین سنچریاں اسکور کی ہیں۔ مزید برآں، انہوں نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے لاہور کے میدان میں 1000 رنز مکمل کرنے والے پہلے بیٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق فخر زمان اب تک 103 میچز میں 3246 رنز بنا چکے ہیں اور پی ایس ایل کی مجموعی رنز فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ان کی کارکردگی میں 25 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 143.43 رہا ہے۔
میچ میں دیگر کھلاڑیوں میں چریتھ اسالنکا نے 31 اور ڈینئل سیمز نے 18 رنز بنائے، تاہم نمایاں کارکردگی فخر زمان کی ہی رہی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 188 رنز تک محدود رہی اور یوں لاہور قلندرز نے یہ مقابلہ جیت لیا۔ لاہور کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ سکندر رضا، عبید شاہ، اسامہ میر اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
فخر زمان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، جہاں وہ اب تک 14 بار یہ اعزاز جیت چکے ہیں۔

Leave a reply