غیر قانونی بھرتیوں کےکیس میں پرویزالہی پرفردجرم عائد نہ ہوسکی

0
48

اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پرویز الہی کے وکلاء کی استدعا پر فرد جرم گیارہ مارچ تک موخر کر دی،وکلاء کو دستاویزات کی نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیاگیا ۔

اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج ارشدحسین بھٹہ نےپنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتی کیس کی سماعت کی،پرویز الہی کو اڈیالہ جیل جبکہ محمد خان بھٹی کو گوجرانولہ جیل سے عدالت کےسامنے پیش کیا گیا۔

عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کرنےپر پرویز الٰہی کےوکلاء نے فرد جرم کو موخر کرنیکی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے ہمیں سننے سے پہلے ہی حکم سنا دیا،فرد جرم عائد ہونے پر ملزمان سے پوچھا جاتا ہے،ہماری ایک درخواست ہے پہلے اس پر فیصلہ کیا جائے،عدالت آج فرد جرم عائد کرنے کا حکم واپس لے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو تمام دستاویزات کی نقول فراہم کی جائیں گی۔

پرویز الہی کے وکیل نے بتایا کہ پہلے دستاویزات دی جائیں پھر فرد جرم کی کارروائی کی جائے،ہم دستاویزات پڑھ کر ہی فرد جرم پر بحث کر سکتے ہیں ، عدالت آج فرد جرم کی کارروائی موخر کرے۔

عدالت نے پرویز الٰہی کے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کی کاروائی گیارہ مارچ تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے پرویز الٰہی کے وکلاء کو تمام دستاویزات کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جائے گی اور آئندہ سماعت پر کسی صورت سماعت ملتوی نہیں کی جائے گی۔

Leave a reply