عیدالاضحیٰ پر 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

0
4
عیدالاضحیٰ پر 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریلوے ترجمان کے مطابق عید کے دنوں میں سفر کرنے والے شہریوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ مختلف شہروں کے درمیان اضافی سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ خصوصی ٹرینوں میں 7 سے 8 کوچز شامل ہوں گی جن میں اکانومی کلاس کوچز اور پاور وین بھی شامل ہوں گی۔

پہلی خصوصی ٹرین 24 مئی 2026 کو کوئٹہ سے راولپنڈی روانہ ہوگی۔ اسی روز دوسری ٹرین کراچی سے راولپنڈی کے لیے چلائی جائے گی، جبکہ تیسری خصوصی ٹرین 25 مئی کو کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ کی جائے گی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹرینیں ملتان، ساہیوال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، روہڑی، بہاولپور، خانپور اور جہلم سمیت مختلف اہم ریلوے اسٹیشنز سے گزریں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

حکام کے مطابق ٹرینوں کی رفتار مقررہ سیکشنل اسپیڈ کے مطابق ہوگی اور یہ 105 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ نہیں ہوگی۔

پاکستان ریلوے نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ رش سے بچنے کے لیے پیشگی ریزرویشن کروائیں اور سفر کے دوران درست ٹکٹ اپنے ساتھ رکھیں۔

دوسری جانب اس بار عید اسپیشل ٹرینوں میں پشاور کے لیے کوئی خصوصی سروس نہ رکھنے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ کراچی، لاہور اور کوئٹہ سے پشاور کے لیے کوئی عید ٹرین نہیں چلائی جا رہی۔

Leave a reply