
پاکستان کے معروف گلوکار گوہر ممتاز نے حالیہ گفتگو میں انکشاف کیا کہ بھارتی اداکار سنجے دت نے ان کے مشہور گانے “عادت” کو اپنی فلم میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے گوہر ممتاز نے بتایا کہ جب ان کا بینڈ جل بینڈ اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں ممبئی کے علاقے جوہو میں البم لانچ کے لیے موجود تھا، تو انہیں اپنے منیجر کے ذریعے اطلاع ملی کہ سنجے دت ان سے رابطہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کا گانا فلم میں لینا چاہتے ہیں۔
گوہر کے مطابق یہ خبر ان کے لیے حیران کن تھی، تاہم بعد میں یہ گانا ایک اور فلمی منصوبے میں شامل ہونے کے باعث سنجے دت کی فلم کا حصہ نہ بن سکا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ممبئی میں قیام کے دوران ان کی سنجے دت سے ملاقات بھی ہوئی، جہاں اداکار نے بتایا کہ انہیں یہ گانا پاکستان سے ایک جاننے والی خاتون کے ذریعے ملا تھا۔ سنجے دت کے مطابق یہ گانا نہ صرف محفلوں میں سنا جاتا تھا بلکہ وہ خود بھی اسے اپنی گاڑی میں سنتے تھے۔
گوہر ممتاز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بالی وڈ کے دیگر اداکار جیسے سلمان خان، جیکی شروف اور انیل کپور بھی اس گانے کو پسند کرتے تھے۔
گلوکار نے اس موقع پر پاکستانی موسیقی کی خودمختاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب نئے فنکاروں کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، خصوصاً یوٹیوب، کے ذریعے عالمی سطح پر پہچان حاصل کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو چکا ہے۔








