
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں تسلسل برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شان مسعود کو کپتان برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ اعلان بنگلا دیش کے خلاف آئندہ سیریز کے شیڈول کے اجرا کے بعد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد پہلی مرتبہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور وہ اظہر محمود کی جگہ لیں گے۔ وہ اس وقت قومی سلیکشن سیٹ اپ کا بھی حصہ ہیں۔ دوسری جانب شان مسعود پہلے ہی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور انہیں برقرار رکھنے کا فیصلہ پالیسی میں تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان ٹیم آئندہ مہینوں میں بنگلا دیش، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا امکان ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنی آخری ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقا کے خلاف کھیلی تھی جو ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔
وائٹ بال کرکٹ میں کوچنگ کی ذمہ داری مائیک ہیسن کے پاس ہے، جبکہ ون ڈے ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سلمان علی آغا کے سپرد ہے۔
اس وقت لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ریڈ بال کیمپ جاری ہے، جس کی نگرانی سرفراز احمد کر رہے ہیں۔ کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
ابھرتے ہوئے اوپنر اذان اویس نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے 2024-25 سیزن میں 844 رنز بنا کر بیٹنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی، جبکہ اپنے پہلے فرسٹ کلاس سیزن میں 4 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان کی کارکردگی کی بدولت سیالکوٹ ریجن نے قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل بھی جیتا۔
اذان اویس کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کیمپ سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ مستقبل میں تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ ان کا بڑا ہدف ہے۔









