طالبان کے خطرے کے باوجود افغان نوجوان افریقہ ڈی پورٹ، امریکی پالیسی پر سوالات

0
0
طالبان کے خطرے کے باوجود افغان نوجوان افریقہ ڈی پورٹ، امریکی پالیسی پر سوالات

واشنگٹن: امریکی انتظامیہ نے امیگریشن پالیسی کے تحت متعدد غیر ملکی شہریوں کو وسطی افریقی جمہوریہ منتقل کر دیا، جن میں ایک 20 سالہ افغان نوجوان بھی شامل ہے، جس کے خاندان کے کئی افراد ماضی میں امریکی افواج کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق افغان نوجوان کو افغانستان واپس بھیجے جانے سے عدالتی تحفظ حاصل تھا، کیونکہ اس کی واپسی کی صورت میں طالبان کی جانب سے اسے اور اس کے خاندان کو خطرات کا سامنا ہوسکتا تھا۔ اس کے باوجود اسے وسطی افریقی جمہوریہ پہنچا دیا گیا۔
نوجوان کی وکیل الما ڈیوڈ کے مطابق عدالت نے اسے افغانستان ڈی پورٹ کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ نوجوان کے خاندان کو ماضی میں طالبان کی جانب سے دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق نوجوان کے بھائی امریکی فوج کے ساتھ تعاون کرچکے ہیں۔ ان میں سے ایک امریکا میں مقیم ہے اور افغان نیشنل آرمی میں خدمات انجام دے چکا ہے، جبکہ دوسرا امریکی تربیت یافتہ پائلٹ تھا جسے طالبان نے بعد ازاں قتل کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق نوجوان کی شناخت سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر صرف ’’خلیل‘‘ کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔ اس کی بہن اور والد کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے کہ وہ ماضی میں امریکی افواج کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس فرسٹ کے مطابق امریکا سے روانہ ہونے والی ایک ڈی پورٹیشن پرواز ہفتے کے روز وسطی افریقی جمہوریہ کے دارالحکومت بانگوئی پہنچی۔ پرواز میں افغان اور ایرانی شہریوں سمیت نیپال اور نکاراگوا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال امریکا سے وسطی افریقی جمہوریہ کے لیے یہ تیسری ڈی پورٹیشن پرواز تھی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے امریکی انتظامیہ کی اس پالیسی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تنظیموں کے مطابق بعض افراد کو ایسے ممالک منتقل کیا جا رہا ہے جن سے ان کا براہِ راست تعلق نہیں، جبکہ بعض افراد کو اپنے آبائی ممالک واپسی کی صورت میں سنگین خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
امریکی حکومت کی جانب سے امیگریشن قوانین کے سخت نفاذ کے دوران مختلف ممالک کے ساتھ ایسے انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت ڈی پورٹ کیے جانے والے غیر ملکی شہریوں کو تیسرے ممالک منتقل کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply