سہ ملکی ون ڈے سیریز: پاکستان اور سری لنکا پر سلو اوور ریٹ کے جرمانے عائد

0
15
سہ ملکی ون ڈے سیریز: پاکستان اور سری لنکا پر سلو اوور ریٹ کے جرمانے عائد

راولپنڈی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں مقررہ وقت کے اندر اوورز مکمل نہ کرنے پر پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں پر جرمانے عائد کردیے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جبکہ سری لنکا کی ٹیم پر 5 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔ میچ ریفری جیف کرو نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کی۔

وقت کی رعایت کو شامل کرنے کے بعد پاکستان کی ٹیم مقررہ وقت تک دو اوورز مکمل نہیں کرسکی، جبکہ سری لنکا کی ٹیم ایک اوور پیچھے رہی۔

آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت سلو اوور ریٹ کی صورت میں ہر نامکمل اوور پر کھلاڑیوں کو ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے قبول کرلیے، جس کے بعد معاملے کی باضابطہ سماعت نہیں ہوئی۔

میچ میں آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر فیصل آفریدی نے سلو اوور ریٹ کی نشاندہی کی تھی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے تھے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نےیہ مقابلہ 37 رنز سے جیت لیا۔

Leave a reply