سندھ میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں نئے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا عمل فوری طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق یہ پابندی تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق نئے اسلحہ ڈیلرشپ لائسنس کے اجرا کو بھی روک دیا گیا ہے۔ پابندی کے دوران صوبے کی کوئی بھی متعلقہ لائسنسنگ اتھارٹی معمول کے تحت نیا اسلحہ لائسنس یا ڈیلرشپ لائسنس جاری نہیں کر سکے گی۔
حکام کے مطابق بعض غیر معمولی یا خصوصی نوعیت کے معاملات میں لائسنس جاری کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ مجاز حکام سے پیشگی منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگی۔
خصوصی کیسز میں منظوری کے لیے وزیر داخلہ سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی اجازت درکار ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے تمام متعلقہ لائسنسنگ حکام کو فیصلے پر مکمل اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔









