
سعودی عرب کی جانب سے حج پالیسی میں عمر سے متعلق نئی پابندی کے بعد 15 سال سے کم عمر افراد کے حج پر جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے متعدد کم عمر عازمین متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نئے فیصلے کے تحت ایسے تمام عازمین کے حج ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں جو مقررہ عمر کی حد پر پورا نہیں اترتے، اور انہیں حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام سے مجموعی طور پر تقریباً 450 پاکستانی بچے متاثر ہو سکتے ہیں، جن میں سے کچھ نجی حج اسکیم اور کچھ سرکاری اسکیم کے تحت سفر کی تیاری کر رہے تھے۔ صرف کراچی سے ہی درجنوں عازمین اس فیصلے کی زد میں آئے ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق مئی 2026 سے 15 سال سے کم عمر افراد حج پر نہیں جا سکیں گے، جبکہ 3 سال سے کم عمر بچوں کے ویزے بھی منسوخ کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی نے ایئرپورٹس پر عملے کو ہدایت کی ہے کہ عمر کی حد پوری نہ کرنے والے مسافروں کو روانگی سے روکا جائے اور فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
سعودی حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کو ان کی فیس اور ادائیگیاں واپس کر دی جائیں گی۔ اس سے قبل حج کے لیے کم از کم عمر 12 سال مقرر تھی، جسے اب بڑھا کر 15 سال کر دیا گیا ہے۔









