
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرے گا، جبکہ مسلح افواج نے جدید نظام اور سائبر سکیورٹی کے استعمال سے ملکی سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسلام آباد میں انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایسی نمائشیں اور اقدامات پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی اور سکیورٹی شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستان کی اہم کامیابی ہے۔ ملک نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جبکہ ڈرونز کی تیاری میں مقامی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دفاعی تجربات میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی، خودکار نظام اور سائبر صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں استعمال کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور دیگر عسکری قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقبل میں بھی اپنی دفاعی صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دے گا۔








