ایران کا خطرناک اعلان، اگلا حملہ دنیا کو ہلا دے گا؟

0
13
ایران کا خطرناک اعلان، اگلا حملہ دنیا کو ہلا دے گا؟

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی سرزمین پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو ایران اس کا سخت فوجی جواب دے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق آئندہ کارروائیاں ایسی ہو سکتی ہیں جن کے اثرات امریکا کے لیے انتہائی سنگین ہوں گے۔
آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیت برقرار رکھے ہوئے ہے اور میزائل و حملہ آور ڈرونز کی تیاری بلا تعطل جاری ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے دعویٰ کیا کہ امریکی انٹیلی جنس مسلسل کوششوں کے باوجود ایران کے میزائل سازی کے مراکز کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
ایرانی حکام نے مزید دعویٰ کیا کہ اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کے دوران متعدد ایم کیو-9 ڈرونز تباہ کیے گئے، دو ہیلی کاپٹروں کو نقصان پہنچا اور امریکی اہلکاروں کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
بیان کے مطابق ایران کا مؤقف ہے کہ امریکی حملوں کے باوجود اس کے دفاعی اور میزائل پروگرام پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا، جبکہ میزائل ذخائر کی بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ان ایرانی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے کی مجموعی سلامتی اور بحری راستوں کی صورتحال پر بھی عالمی سطح پر تشویش برقرار ہے۔

Leave a reply