زندگیاں بچانے والی ادویات کا راستہ کھل گیا، حکومت نے 52 نئی دواؤں کی قیمتوں کی منظوری دے دی

0
14
زندگیاں بچانے والی ادویات کا راستہ کھل گیا، حکومت نے 52 نئی دواؤں کی قیمتوں کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے جان بچانے والی 52 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، پارکنسن اور دیگر امراض کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکرٹری صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دی گئی، تاہم ان قیمتوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

حتمی منظوری کے بعد ڈریپ باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا، جس کے بعد یہ ادویات قانونی طور پر پاکستان میں فروخت کی جا سکیں گی۔

منظور شدہ ادویات میں کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی جدید امیونو تھراپی دوا کی ٹروڈا کے علاوہ نیوولومیب، ڈاساتینیب، مروپینم اور مختلف اقسام کی انسولین بھی شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران وزارت صحت نے مریضوں کو معیاری ادویات کی بروقت فراہمی، قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت اور عوامی مفاد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

حکام کے مطابق نئی ادویات کی قیمتوں کی منظوری سے مریضوں کو رجسٹرڈ اور معیاری ادویات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، جبکہ غیر رجسٹرڈ، اسمگل شدہ اور مہنگی درآمدی ادویات پر انحصار کم ہونے کی توقع ہے۔

Leave a reply