
عالمی ادارے ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ رپورٹ میں دنیا کے طاقتور اور کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست سامنے آ گئی ہے، جس میں سنگاپور ایک بار پھر پہلے نمبر پر برقرار ہے۔ سنگاپور کے شہری بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کے ساتھ 192 ممالک تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو دنیا میں سب سے زیادہ سمجھی جاتی ہے۔
درجہ بندی کے مطابق دوسرے نمبر پر جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر موجود ہیں، جن کے پاسپورٹ رکھنے والے شہری 187 ممالک تک ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ناروے اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹس 185 ممالک تک رسائی کے ساتھ نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یورپی ممالک مجموعی طور پر پاسپورٹ کی طاقت کے لحاظ سے آگے ہیں، جبکہ یورپی یونین کے شہری اوسطاً 183 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، جو برطانیہ اور ملائیشیا کے برابر ہے۔
دوسری جانب کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان سب سے آخری نمبر پر ہے، جہاں شہری صرف 23 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد شام اور عراق کے پاسپورٹس کمزور ترین درجہ بندی میں شامل ہیں۔ پاکستان اس فہرست میں چوتھے کمزور ترین پاسپورٹ کے طور پر موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق کمزور پاسپورٹس رکھنے والے ممالک میں سیاسی عدم استحکام، معاشی مسائل اور ہجرت کے بڑھتے ہوئے رجحانات جیسے عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔









