
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ممکنہ قدرتی خطرات کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافہ اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے اور فلیش فلڈ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پیشگوئی کی گئی ہے کہ 3 مئی کو مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کا امکان ہے جبکہ بالائی اضلاع میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں موسلادھار بارشوں کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کے تیز بہاؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں نشیبی علاقوں کو خاص طور پر نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کی صورت میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ تیز بہاؤ کے باعث گاڑیوں کے بہنے جیسے حادثات بھی پیش آ سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، حساس علاقوں میں نگرانی بڑھائی جائے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری مکمل رکھی جائے۔ ریسکیو ٹیموں کو بھی الرٹ رہنے اور ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر خطرناک اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے احتیاط برتیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔









