
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے اثرات فضائی صنعت پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جس کے باعث اندرون ملک اور بین الاقوامی فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث اندرون ملک فضائی کرایوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جو بعض روٹس پر 15 سے 20 ہزار روپے تک بتائی جا رہی ہے۔ اس کمی کا مقصد کم طلب کے باوجود پروازوں کو جزوی طور پر جاری رکھنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کم مسافروں کی وجہ سے متعدد پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر اندرون اور بیرون ملک تقریباً 120 پروازیں متاثر ہوئی ہیں، جن میں کچھ مقامی اور بڑی تعداد بین الاقوامی پروازوں کی شامل ہے۔
مختلف ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن میں کمی دیکھی گئی ہے، جن میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، ملتان، پشاور اور فیصل آباد کے ایئرپورٹس شامل ہیں۔ صرف بعض ایئرپورٹس سے درجنوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
بین الاقوامی سطح پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو بھی فضائی آپریشن میں رکاوٹ کی ایک وجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث کئی ایئرلائنز نے اپنے فلائٹ شیڈول محدود کر دیے ہیں۔
خاص طور پر خلیجی ممالک اور استنبول کے لیے بھی متعدد پروازیں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر غیر ملکی روٹس پر تقریباً 100 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق موجودہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور طلب و رسد کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔









