
پشاور: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے سےباضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی کا مقصد شہریوں کی جان و مال اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اقدام 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت جاری کیے گئے اعلان کی مدت کے دوران کیا جائے گا، جبکہ تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت دی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق خیبرپختونخوا میں تعینات کیے جانے والے فوجی اہلکاروں اور دستیاب وسائل کی تعداد کا تعین گورنر خیبرپختونخوا، جی ایچ کیو کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو آئندہ گزٹ آف پاکستان کے پارٹ ٹو میں شائع کیا جائے گا۔
حکومتی فیصلے کے تحت پاک فوج صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں سمیت سرکاری املاک کے تحفظ کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی۔









