حکومت کاحصہ نہیں بنیں گے ؛ بلاول کا اعلان

0
62

ہاٹ لائن نیوز : پاکستان پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دے گی لیکن وزارتیں نہیں لے گی۔

پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سی ای سی کا دو روزہ اجلاس آج ختم ہوگیا، پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے ہمیں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس اتحاد میں حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں، ہمیں مینڈیٹ نہیں ملا اس لیے میں وزارت عظمیٰ کا امیدوار نہیں ہوں۔

بلاول نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم وفاقی حکومت کا حصہ بننے کی پوزیشن میں نہیں، وفاقی حکومت میں وزارتیں نہیں لیں گے لیکن مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم 18 ماہ تک ن لیگ کی حکومت کا حصہ تھے، جس میں پارٹی کو شکایات تھیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ حکومت سازی جلد مکمل ہو اور ملک بحرانوں سے نکلے، ہم نہیں چاہتے کہ ملک دوسرے الیکشن میں جائے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوام نے الیکشن میں حصہ لیا، عوام مزید سیاسی عدم استحکام نہیں چاہتے، سی ای سی اراکین نے ن لیگ پر بہت زیادہ اعتراضات کا اظہار کیا، الیکشن کے نتائج کو احتجاج کے ساتھ تسلیم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آصف زرداری اس ملک کے صدر بنیں، اس وقت ملک میں آگ لگی ہوئی ہے، ملک جل رہا ہے، میری خواہش ہے کہ آصف زرداری صدر بن کر اس آگ کو بجھا دیں۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں، دوبارہ انتخابات ہوئے تو کوئی سیاسی جماعت نتائج تسلیم نہیں کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ چیئرمین، صدر اور اسپیکر کے لیے امیدوار کھڑے کرے گی۔ خواہش ہے کہ آصف زرداری صدر کے عہدے کے لیے الیکشن میں حصہ لیں۔

Leave a reply