حوثیوں کی سعودی جہازوں اور شپنگ کمپنیوں کو انتباہ، بحری کشیدگی میں اضافہ

0
0
حوثیوں کی سعودی جہازوں اور شپنگ کمپنیوں کو انتباہ، بحری کشیدگی میں اضافہ

یمن میں سرگرم حوثی گروپ نے سعودی عرب سے متعلق بحری نقل و حمل کے حوالے سے نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے سعودی مفادات سے وابستہ جہازوں اور بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں ایف ایم ریڈیو کے ذریعے انگریزی زبان میں ایک پیغام نشر کیا، جس میں سعودی عرب سے وابستہ جہازوں کو ریڈ سی کے بجائے خلیجِ عدن کے راستے سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ پیغام میں خبردار کیا گیا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے جہاز حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شپنگ کمپنیوں کو بھی ای میلز کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ سعودی بندرگاہوں پر کارگو کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ سے گریز کریں۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمی میں شامل جہاز ممکنہ کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔

بحری سلامتی کے ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے خطے میں سمندری تجارت اور جہاز رانی کے لیے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ابتدائی طور پر سعودی ملکیت یا سعودی مفادات سے وابستہ تجارتی جہاز زیادہ متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حوثیوں نے حال ہی میں سعودی عرب کے خلاف بحری ناکا بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اس حوالے سے مختلف انتباہات جاری کیے جا رہے ہیں۔

بحیرۂ احمر اور باب المندب عالمی تجارت کی اہم بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتے ہیں، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تجارتی سامان اور توانائی کی ترسیل ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر موجودہ کشیدگی برقرار رہی تو عالمی شپنگ، سپلائی چین اور تیل کی ترسیل مزید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے حوثیوں کے اعلان اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

Leave a reply