
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور ایران-امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تنازع کے حل کے لیے سفارتی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور موجودہ علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں سرکاری استقبال کیا گیا، جہاں انہیں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے نمایاں خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اپنی مصروفیات کے دوران پاکستان کی عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی امن سے متعلق امور زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔








