
اسلام آباد میں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرحدی انتظام، باہمی سیکیورٹی تعاون اور علاقائی امن سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے علاقائی استحکام اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور اسکندر مومنی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی پیش رفت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور موجودہ علاقائی صورتحال سے متعلق ایران کا مؤقف بھی پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ فریقوں پر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ایرانی وزیر داخلہ کے اعزاز میں اسلام آباد پولیس لائنز میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان اور ایران کے قومی ترانے بجائے گئے اور معزز مہمان نے پولیس کے چاق و چوبند دستوں کا معائنہ کیا۔
بعد ازاں اسکندر مومنی نے پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شکرپڑیاں سے اسلام آباد اور مارگلہ کی پہاڑیوں کا نظارہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔









