
جگر انسانی جسم کا ایک اہم عضو ہے جو خوراک کو ہضم کرنے، غذائی اجزا کو پراسیس کرنے، جسم سے فاضل مادوں کے اخراج اور میٹابولزم کو معمول پر رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر جگر کی بہتر کارکردگی کو برقرار رکھنے میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔
غذائیت سے بھرپور بعض پھل ایسے وٹامنز، معدنیات، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتے ہیں جو مجموعی صحت کے ساتھ جگر کے معمول کے افعال کے لیے بھی مفید ہیں۔
جگر کی صحت کے لیے آٹھ مفید پھل
1۔ انگور
انگور میں قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جسم کو آکسیڈیٹو تناؤ سے بچانے اور سوزش کے اثرات کم کرنے میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ اس میں موجود قدرتی نباتاتی مرکبات جگر کی صحت کے حوالے سے بھی زیرِ تحقیق ہیں۔
2۔ سیب
سیب فائبر کا اچھا ذریعہ ہے، جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اسے روزانہ کی خوراک میں شامل کرنا صحت مند غذا کا حصہ بن سکتا ہے۔
3۔ ایواکاڈو
ایواکاڈو میں صحت بخش چکنائیاں اور مختلف غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔ یہ متوازن غذا کا حصہ بن کر دل اور مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
4۔ اسٹرابیری، رسبیری اور بلیک بیری
یہ بیریز اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان میں موجود قدرتی مرکبات جسم کو آکسیڈیٹو نقصان سے محفوظ رکھنے میں معاون کردار ادا کرسکتے ہیں۔
5۔ پپیتا
پپیتا وٹامنز، فائبر اور قدرتی انزائمز فراہم کرتا ہے۔ اس کا استعمال نظامِ ہاضمہ کو بہتر رکھنے اور جسم کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ہے۔
6۔ بلیو بیری
بلیو بیری میں اینٹی آکسیڈنٹس اور نباتاتی مرکبات پائے جاتے ہیں جو جسم میں آکسیڈیٹو تناؤ اور سوزش کے خلاف معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ اسے صحت بخش غذاؤں میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
7۔ کیوی
کیوی وٹامن سی، فائبر اور مختلف معدنیات کا اچھا ذریعہ ہے۔ یہ مدافعتی نظام اور نظامِ ہاضمہ کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
8۔ ترش پھل
کینو، مالٹا، لیموں اور چکوترا وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کے قدرتی دفاعی نظام کی معاونت کرتے ہیں۔
جگر کو صحت مند رکھنے کے لیے مزید احتیاطیں
ماہرین کے مطابق صرف پھلوں کا استعمال جگر کی صحت برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں۔ اس مقصد کے لیے چند بنیادی عادات اپنانا بھی ضروری ہے:
– روزمرہ خوراک میں سبزیاں، پھل اور فائبر سے بھرپور غذائیں شامل کریں۔
– چکنائی اور زیادہ شکر والی غذاؤں کا استعمال محدود رکھیں۔
– جسمانی وزن کومتوازن رکھنےکی کوشش کریں۔
– روزانہ مناسب جسمانی سرگرمی اور ورزش کریں۔
– تمباکو نوشی اور الکحل سے پرہیز کریں۔
– ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات اور ہربل سپلیمنٹس کا غیر ضروری استعمال نہ کریں۔
یاد رہے کہ کوئی ایک پھل جگر کی بیماری کا علاج نہیں اور نہ ہی جسم سے زہریلے مادے فوری خارج کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ جگر کی بہتر صحت کے لیے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔









