
اسلام آباد: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام کو مرکزی ایپ سے الگ کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت ’ڈائریکٹ‘ کے نام سے ایک نئی میسجنگ ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے۔
اس نئی ایپ کا مقصد صارفین کو انسٹاگرام کی پوسٹس، ریلز اور دیگر مواد دیکھے بغیر صرف چیٹ اور پیغامات کے تبادلے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس طرح صارفین ایک علیحدہ پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے دوستوں اور دیگر افراد سے براہِ راست رابطہ کرسکیں گے۔
مجوزہ ایپ میں انفرادی اور گروپ چیٹ سمیت متعدد سہولیات شامل ہوں گی۔ صارفین کو ڈرائنگ، نوٹس، خصوصی اسٹیکرز، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز جیسے فیچرز بھی دستیاب ہوں گے، جو انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام کا حصہ ہیں۔
انسٹاگرام نے 2013 میں پہلی مرتبہ ڈائریکٹ میسجنگ کی سہولت متعارف کرائی تھی، جس کے ذریعے صارفین مرکزی ایپ میں رہتے ہوئے نجی پیغامات اور تصاویر کا تبادلہ کرسکتے تھے۔ اب میٹا اسی نظام کو ایک الگ ایپ کی صورت میں پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کا انداز فیس بک میسنجر سے ملتا جلتا ہوگا۔
ابتدائی طور پر ’ڈائریکٹ‘ ایپ ترکیہ اور تھائی لینڈ میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ کمپنی نے اس سروس کے استعمال کے لیے کم از کم عمر 13 سال مقرر کی ہے۔
نئی ایپ کے ذریعے میٹا کا مقصد پیغام رسانی کو انسٹاگرام کے دیگر مواد سے الگ کرکے صارفین کے لیے زیادہ آسان اور مخصوص تجربہ فراہم کرنا ہے۔








