
جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں فوجی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے آرمی پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز کے ہائی الرٹ دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور اور گاڑی کو چیک پوسٹ سے کچھ فاصلے پر ہی نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ کارروائی کے دوران حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ڈی ایچ کیو اسپتال وانا کے ایم ایس ڈاکٹر جان محمد کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔







