کراچی میں گرمی کی شدت، لوڈ شیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک کی وضاحت

کراچی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر کے الیکٹرک نے اعلان کیا ہے کہ بعض حالات میں لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے گا۔
کے الیکٹرک کے ڈسٹری بیوشن آپریشنز کے سربراہ خرم عبداللّٰہ کے مطابق ادارے نے گرمی کی لہر کے باعث بجلی کے نظام کی مرمت اور مینٹیننس کے لیے کیے جانے والے عارضی شٹ ڈاؤنز بھی روک دیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کسی علاقے میں محسوس ہونے والا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچتا ہے تو وہاں بجلی کی بندش نہیں کی جائے گی تاکہ شہریوں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم کے گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں بھی شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔ پیر کے روز تربت اور مٹھی میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ کراچی، سکھر، سبی، لسبیلہ اور ٹھٹھہ میں 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں 40 ڈگری، لاہور میں 37، اسلام آباد اور کوئٹہ میں 34، جبکہ پشاور میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔








