جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ ملتان پہنچ گیا، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

0
0
جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ ملتان پہنچ گیا، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

ملتان: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا لانگ مارچ کراچی سے روانہ ہونے کے بعد ملتان پہنچ گیا، جہاں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کارکنوں سے خطاب کیا۔ مارچ اب سڑک کے راستے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔

27 ستمبر کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی سمیت مختلف گروہوں کے احتجاج کے اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

انتظامیہ نے ریڈ زون کی طرف جانے والی اہم شاہراہوں پر کنٹینرز کھڑے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ ڈی چوک کے اطراف بھی رکاوٹیں قائم کی گئی ہیں۔ حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ سرکاری اسپتالوں کو بھی کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ملتان ریلوے اسٹیشن پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر مہنگائی اور معاشی پالیسیوں کے حوالے سے تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرتی ہے اور پیٹرولیم لیوی ختم کرتی ہے تو جماعت اسلامی کے لیے احتجاج جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی نے کسانوں اور عام شہریوں کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب 27 ستمبر کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف صوبوں اور آزاد کشمیر سے ہزاروں اضافی پولیس اہلکار دارالحکومت میں تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر بڑی تعداد میں کنٹینرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے لیے کھانے کے انتظامات پر بھی روزانہ لاکھوں روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

Leave a reply