
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، تاہم جنگ بندی کے بعد صورتحال میں بہتری آئی ہے اور عالمی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے آرہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے فیصلہ آج متوقع ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو پوری قوم، سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام سیاسی قوتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف سمیت مختلف قومی شخصیات کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی ایرانی صدر سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مضبوط تعلقات خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں اور اقتصادی بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ خطے میں امن کے فروغ سے معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔
آخر میں انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتی ٹیموں کے علاوہ قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور چین سمیت دوست ممالک کے کردار کو بھی سراہا اور امن کے قیام کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔









